حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ریاست تمل ناڈو کے شہر چنئی میں ہندوستان کے برجستہ عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا مولانا محمد معراج رنوی نے مسجد حجت القائم ٹرپلی کین میں دوران خطاب بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں معصومین علیہم السلام کی روش پر روزہ رکھے جائیں اور ان کے بتائے ہوئے احکام پر بخوبی عمل کیا جائے تاکہ ہم اس ماہ بابرکت میں مزید اجر کے مستحق قرار پاسکیں۔
مولانا موصوف نے کورونا جیسی مہلک وبا سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ حالت روزہ میں جب تشنگی کا احساس کریں تو اطفال مظلوم کربلا کی تشنہ لبی کو ضرور یاد کریں جہاں نہر فرات کا سرد وشیرین آب شفاف موجیں مار رہا تھا اور حسین مظلوم کا ششماہہ شدت عطش سے جاں بحق ہورہا تھا امام مظلوم اپنے شیرخوار کے لئے طلب آب فرماتے رہے لیکن حرملہ نے تیر سہ شعبہ سے ششماہہ کا گلا چھید ڈالا اور بچہ کے گلے سے خون کا فوارہ جاری ہوا مظلوم کربلا نے اپنے چہرے پر خون کو مل کے آواز دی؛خدایا تو گواہ رہنا ان ظالموں نے کس طرح میرے بچے کو نحر کردیا میں اسی حالت میں تجھ سے ملاقات کروں گا۔